رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے چند (اہم ) معجزے
زمرے
مصادر
Full Description
رسولﷺ کے چند (اہم) معجزے
[الأُردية –اُردو Urdu–]
فتوی:اسلام سوال وجواب سائٹ
ترجمہ:اسلام سوال وجواب سائٹ
مراجعہ وتنسیق:شفیق الرّحمن ضیاء اللہ مدنی
من معجزات الرسول صلى الله عليه وسلم
فتوى: موقع الإسلام سؤال وجواب
ترجمة: موقع الإسلام سؤال وجواب
مراجعة وتنسيق:شفيق الرحمن ضياء الله المدني
رسول ﷺ کے چند (اہم) معجزے
:103514سوال: کیا ایسا ممکن ہے کہ آپ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام یابعض معجزات کی فہرست بیان کردیں؟
بتاریخ 2016-04-10 کو نشر کیا گیا
جواب:
الحمد للہ
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بہت سے معجزات ہیں، جن کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہے، جیسا کہ ابن قیم رحمہ اللہ نے "إغاثة اللهفان" (2/691) میں اس بات کی صراحت کی ہے، ان معجزات میں سے کچھ رونما ہو کر ختم ہو چکے، اور ان میں سے کچھ جب تک اللہ چاہے گا باقی رہے گا، اور وہ بڑا معجزہ ہےاور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت پر سب سے بڑی دلیل قرآن کریم کا معجزہ ہے، یہ ایسی نشانی ہے جو ہمیشہ ہمیش باقی رہنے والی ہے جس میں کسی قسم کی کوئی تغیر وتبدیلی واقع نہیں ہوگی،اوریہ (قرآن مجید) کئی اعتبار سے معجزہے:
۱۔ الفاظ کے اعتبار سے، چنانچہ اللہ تعالی ٰنے عرب کے فصحاءکو اس جیسی ایک سورت لانے کےبارے میں چیلنج دیا لیکن وہ ایک سورت بھی نہ لا سکے۔
2۔اسی طرح مستقبل کی خبریں دینے کے بارے میں بھی معجزہے،کیونکہ وہ اسی طرح واقع ہوئیں جس طرح قرآن نے خبردیا،جیسا کہ(رومیوں کے غلبہ کے بارے میں) ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿الم غُلِبَتِ الرُّومُ فِي أَدْنَى الْأَرْضِ وَهُم مِّن بَعْدِ غَلَبِهِمْ سَيَغْلِبُونَ فِي بِضْعِ سِنِينَ..﴾ [الروم:1-4]
''الم, رومی مغلوب ہوگئے ہیں نزدیک کی زمین پر اور وه مغلوب ہونے کے بعد عنقریب غالب آجائیں گےچند سال میں ہی۔ '' [سورہ روم:1-4] ۳۔قرآن اس اعتبارسے بھی معجزہے کہ اس کے اندر ایسی محکم تشریعات(احکامات وقوانین) ہیں،جس کی طرح ساری انسانیت مل کربھی نہیں لاسکتی ۔
4۔قرآن کریم اس اعتبار سے بھی معجز ہے کہ اس کے اندر اس کائنات کے اسرارورموز کے بارے میں معلومات وخبریں دی گئی ہیں، جن سربستہ اسرار کی سائنس آئے دن اکتشاف وکھوج کرتی رہتی ہے۔
رہے وہ معجزات جو رونما ہونے کے بعد ختم ہو چکے ہیں وہ بہت زیادہ ہیں، ان میں سے چندمشہور یہ ہیں:
۱۔اسرا ءاور معراج کا معجزہ: قرآن کریم نے اسرا ء کا ذکر بالکل صراحت کیساتھ کیا ہے جبکہ معراج کے بارے میں اشارہ ہی کیا ہے، لیکن بہت سی صحیح احادیث میں معراج کا تفصیلی ذکر موجود ہے۔
۲۔چاند کےدو ٹکڑے ہونے کا معجزہ:قرآن کریم میں اس کا ذکر موجود ہے، اور متواتر احادیث سے یہ(معجزہ) ثابت ہے، جیسا کہ ابن کثیر رحمہ اللہ نے ذکر کیا ہے ،اور علمائے کرام کا اس بارے میں اجماع ہے۔
3۔نبی ﷺ کے سامنے پڑے ہوئے تھوڑے سے کھانے میں اتنا اضافہ ہو جانا کہ پورا لشکر ہی اس سے سیر ہو جائے، اور پھر بھی کھانا بچ جائے، یہ واقعہ صحیح بخاری و مسلم سمیت دیگر کتب حدیث میں بھی موجود ہے۔
۴۔آپ ﷺ کی انگلیوں سے پانی کاجاری ہونا، اور تھوڑاساپانی کا اتنازیادہ ہوجانا کہ پورا لشکر اس سے پی کر سیر ہو جائے اور وضو بھی بنا لے، اس بارے میں بھی احادیث مبارکہ بخاری و مسلم میں موجود ہیں۔
5۔نبی ﷺ کی جانب سے مستقبل کی پیشین گوئی کرنا اورپھران چیزوں کا اسی طرح رونما ہونا جیسا کہ آپﷺ نے خبردیا ،اوران میں سے خبردی گئی بیشترچیزیں واقع ہوچکی ہیں،اور ہم برابران چیزوں کے وقوع پذیر ہونے کا مشاہدہ کرتے رہتے ہیں جن کے بارے میں آپ ﷺ نے خبردی تھی۔
۶۔کھجورکے(خشک) تنے پرسہارا وٹیک لگانےکو چھوڑکرآپﷺکامنبربنوالینے پراس(تنے) کا (بچہّ ) کی طرح آواز کرنا،،اوریہ حدیث صحیح بخاری میں ہے۔
7۔مکّہ مکرّمہ میں پتھروں کا آپﷺ کو سلام کرنا، اس بارے میں حدیث مسلم میں ہے۔
8۔ بیماروں کی شفا یابی، اس بارے میں بخاری و مسلم سمیت دیگر کتب حدیث میں بکثرت احادیث موجود ہیں۔
جیسے کہ ہم پہلے بتلا چکے ہیں کہ معجزے بہت زیادہ ہیں، اور جو ہم نے ذکر کیے ہیں یہ ان میں سے چند ایک ہیں، علمائے کرام نے نبی ﷺ کے معجزات کے بارے میں متعدد کتابیں لکھی ہیں مثال کے طور پر امام بیہقی ؒکی کتاب ((دلائل النبوّۃ)) اسی طرح امام ماوردیؒ کی کتاب : ((أعلام النبوّۃ)) ،نیز عقیدے کی کتابیں رسولوں پر ایمان لانے کے ابواب میں ان (معجزات)کے تذکرے سے بھری ہوئی ہیں۔
واللہ اعلم۔
سائٹ اسلام سوال وجواب
(طالبِ دُعا:[email protected])