ضیائے نبوی اردو ترجمہ و شرح اربعین نووی
”ضیائے نبوی“ اربعین نووی کے اردو ترجمہ و شرح پر مشتمل نہایت جامع اور ممتاز و منفرد شرح ہے، جو عوام و خواص، علماء و طلبہ اور واعظین و ائمۂ مساجد سب کے لیے یکساں مفید ہے۔ اس کتاب کی چند نمایاں خصوصیات درج ذیل ہیں : ✿ ہر حدیث کی معنوی و مرکزی مضمون کی مناسبت سے دل کش و معنی خیز اور موزوں عنوان بندی کی گئی ہے۔ ✿ ہر حدیث کی ترقیم و متنِ حدیث نئے صفحہ پر دائیں جانب لکھا گیا ہے اور اردو ترجمہ اس کے بالمقابل بائیں جانب رکھا گیا ہے تاکہ حدیث کے الفاظ کو پڑھنے اور ترجمہ کو سمجھنے میں آسانی ہو۔ ✿ احادیث کے ترجمہ اور شرح کی زبان شستہ و سلیس، بامحاورہ، عام فہم اور واضح ہے نیز طرزِ نگارش بھی شگفتہ و دل آویز اور مؤثر ہے۔ ✿ طلبہ کی آسانی کے لیے بعض احادیث کے مشکل الفاظ کی مختصر تشریح و وضاحت بھی کی گئی ہے۔ ✿ ’’شرح و فوائد“ کے عنوان سے ہر حدیث کی جامع انداز میں شرح کی گئی ہے اور جو مباحث و مسائل مزید تفصیل طلب اور توضیح کے محتاج تھے، انھیں قدرے تفصیل سے مدلل قلم بند کیا گیا ہے۔ ✿ پوری کتاب میں وارد احادیث کی مختصر تخریج اور غیر صحیحین احادیث پر محدث عصر و فقیہِ دہر علامہ محمد ناصر الدین البانی اور ماہرِ علوم حدیث شیخ حافظ زبیر علی زئی رحمہما اللہ کی تحقیقات و افادات پر اعتماد کرتے ہوئے تصحیح و تحسین کا حکم لگایا گیا ہے۔ ✿ پوری کتاب میں کہیں بھی کسی ضعیف حدیث سے استدلال نہیں کیا گیا ہے بلکہ صرف صحیح اور حسن حدیثوں پر اعتماد کیا گیا ہے۔ ✿ قرآنی آیات سورہ و آیت نمبر کی تعیین کے ساتھ مصحف عثمانی سے ضبط کی گئی ہیں اور ان کا ترجمہ بالغ نظر مترجم و مفسرِ قرآن حافظ عبد السلام بھٹوی حفظہ اللہ کی معروف تفسیر ’’تفسیر القرآن الکریم“ کے حوالے سے رقم کیا گیا ہے۔ ✿ اربعین نووی کے تمام راویانِ حدیث کا مختصر اور جامع تعارف پیش کیا گیا ہے۔ ✿ اربعین نووی میں موجود تمام احادیث کے عربی متن کو کتاب کے آخر میں علاحدہ طور پر یکجا کر دیا گیا ہے تاکہ انھیں یاد کرنے میں آسانی رہے۔
زمرے
- کتب حدیث << سنّت
- سنت کی شرحیں << سنّت
- علوم سنت اور دیگرمباحث << علوم سنّت << سنّت